میرا نے پوڈکاسٹ میں شان شاہد کو شاہ رخ خان سے بڑا اداکار قرار دیا اور ان کی مہارت کی تعریف کی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا اپنی نئی فلم ‘سائیکو’ کے ساتھ بڑے پردے پر واپس آنے کو تیار ہیں۔ ماضی میں کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کرنے والی میرا کی یہ فلم عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوگی۔
حال ہی میں میرا نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے فلم کی تشہیر اور مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ اس دوران ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان کا شاہ رخ خان کون ہے۔
میرا نے بے جھجھک جواب دیا کہ شان شاہد، شاہ رخ خان سے بھی بڑے اداکار ہیں۔ میرا نے کہا کہ شان شاہد بہترین اداکار، قابل ہدایتکار اور شاندار لکھاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شان نہ صرف بہترین رہنمائی کرتے ہیں بلکہ ان کی توجہ اور مہارت بے مثال ہے۔ میرا نے کہا کہ اگر انہیں شاہ رخ خان اور شان شاہد میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو وہ بلا جھجھک شان کو ترجیح دیں گی۔
واضح رہے کہ شان شاہد پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار ہیں اور کئی کامیاب فلموں میں کام کر چکے ہیں۔















