گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کی ناکا بندی توڑنے اور امدادی سامان لے جانے کے لیے بارسلونا سے روانہ ہو گیا، جس میں دنیا بھر سے فلسطین کے حامی کارکن شامل ہیں۔
بارسلونا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) غزہ کی ناکا بندی توڑنے اور امدادی سامان لے جانے والا تقریباً 40 کشتیوں پر مشتمل فلوٹیلا بارسلونا سے روانہ ہو گیا۔
منتظمین کے مطابق ‘گلوبل صمود فلوٹیلا’ اتوار کو روانہ ہونا تھا، لیکن خراب موسم کی وجہ سے بدھ کو روانہ کیا گیا۔ روانگی مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 11 بجے ہوئی۔
یہ قافلہ زیادہ تر بادبانی کشتیوں پر مشتمل ہے۔ مزید 20 کشتیاں فرانس سے اور 24 اپریل کو اٹلی سے شامل ہوں گی۔
فلوٹیلا جنوبی اٹلی میں ایک ہفتہ قیام کرے گا۔ یہاں شرکا کو عدم تشدد کی تربیت دی جائے گی اور دنیا بھر سے فلسطین کے حامی کارکن شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ 2025 کے اواخر میں اسی نوعیت کے قافلے کو اسرائیلی بحریہ نے جبراً روکا تھا، کارکنوں کو حراست میں لے کر ملک بدر کیا گیا۔











