مارکو روبیو کا اہم اعلان، سابق ایرانی نائب صدر کے رشتہ دارامریکہ بدر

امریکی وزیر خارجہ نے ایرانی رہنما معصومہ ابتکار کے بیٹے کی امریکا میں قانونی رہائش منسوخ کر دی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
امریکا، ایرانی رہنما معصومہ ابتکار کے بیٹے کی رہائش منسوخ

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی سابق نائب صدر معصومہ ابتکار کے بیٹے سید عیسیٰ ہاشمی، ان کی اہلیہ مریم طہماسبی اور ان کے بیٹے کی امریکا میں قانونی مستقل رہائش کی حیثیت ختم کر دی گئی ہے۔ یہ افراد اس وقت امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے پاس ہیں اور ملک بدر کرنے کی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا گیا، جبکہ امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ یہ افراد 2014 میں ویزوں پر امریکا آئے تھے۔ 2016 میں انہیں ڈائیورسٹی امیگرنٹ ویزا پروگرام کے تحت قانونی مستقل رہائشی حیثیت دی گئی تھی۔

امریکی اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب واشنگٹن پہلے بھی ایرانی شخصیات کے رشتہ داروں کے خلاف اسی نوعیت کے اقدامات کر چکا ہے۔ حال ہی میں قاسم سلیمانی کی بھانجی اور ان کی بیٹی کی قانونی حیثیت ختم کی گئی تھی۔

تاہم ایران سے متعلق ایک اور معاملے میں امریکی دعووں کے برعکس ایرانی ذرائع ابلاغ نے گرفتاریوں اور خاندانی تعلقات کے دعووں کو مسترد کیا تھا، اور زینب سلیمانی نے کہا تھا کہ گرفتار خواتین کا ان کے والد سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ معصومہ ابتکار ایران کی سابق نائب صدر رہ چکی ہیں اور امریکی بیان میں ان کے خاندان کو ایرانی نظام سے جڑا ہوا قرار دیا گیا ہے۔ موجودہ پیش رفت امریکا اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات اور سخت امیگریشن پالیسی کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں