اسحاق ڈار نے چین کے سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقاتیں کیں، جہاں علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات پر زور دیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، چینی سفیر کے ساتھ ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر توجہ مرکوز کی گئی جبکہ مشرق وسطیٰ میں مذاکرات کے ذریعے تناؤ میں کمی پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تزویراتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے ساتھ ملاقات میں بھی علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور اسحاق ڈار نے تنازعات کے فوری حل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سفارت کاری کو آگے بڑھنے کا واحد راستہ قرار دیا۔













