ایران نے وزیر اعظم پاکستان کی مذاکراتی پیشکش پر بات چیت کے امکانات کو محدود قرار دیا، جبکہ امریکا پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز)ایران کے ایک اعلیٰ سطحی حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وزیر اعظم پاکستان کی مذاکراتی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال بات چیت کے امکانات محدود ہیں، تاہم اگر مذاکرات طے پاتے ہیں تو اسلام آباد ممکنہ میزبان شہروں میں شامل ہو سکتا ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور مزید تفصیلات ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔ ان کے مطابق تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاری مذاکراتی عمل کے دوران دو بار حملوں نے اعتماد کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں کسی بھی سنجیدہ بات چیت کی بنیاد کمزور ہو جاتی ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران امریکا کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو ایک حکمت عملی سمجھتا ہے، جس کا مقصد وقت حاصل کرنا، کمزوریاں تلاش کرنا اور بعد میں مزید حملوں کی راہ ہموار کرنا ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق دباؤ اور سخت بیانات کے ماحول میں پیش رفت ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے میزبانی کی پیشکش کی تھی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان براہ راست بات چیت سے متعلق متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں۔











