جرمنی میں 15 سالہ لڑکے نے گرل فرینڈ کو اسکول پہنچانے کے لیے بس چوری کرلی، پولیس نے کارل شور میں گاڑی ٹریس کرلی۔
ویسباڈن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جرمنی میں ایک 15 سالہ لڑکے نے اپنی گرل فرینڈ کو دوسرے شہر کے اسکول پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس چوری کرلی۔ یہ واقعہ جرمن شہر ویسباڈن میں پیش آیا جہاں لڑکا چپکے سے بس ڈپو میں داخل ہوا اور گاڑیوں کی ماسٹر چابی تک رسائی حاصل کرلی۔
صبح تقریباً 6 بجے بس ڈپو سے نکالی گئی، تاہم دوپہر کے بعد کمپنی کو شک ہوا جب تمام ڈرائیورز سے تصدیق کے باوجود کسی نے بس لینے کا اعتراف نہ کیا۔ پولیس کو اطلاع دی گئی اور تلاش شروع ہوئی۔
جی پی ایس سسٹم کی مدد سے پولیس نے بس کو کارل شور میں ٹریس کرلیا، جو ویسباڈن سے تقریباً 130 کلومیٹر دور ہے۔ پولیس اہلکار حیران رہ گئے جب انہوں نے ڈرائیونگ سیٹ پر لڑکے کو پایا، جو اپنی گرل فرینڈ کو اسکول سے واپس لے جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق، لڑکے نے ماسٹر چابی کیسے حاصل کی، یہ ابھی واضح نہیں ہوسکا۔ لڑکے پر چوری اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے کے الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔











