امریکی ایف 35 طیارہ مشرق وسطیٰ میں ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوا، ایرانی فائر کا سامنا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز)امریکی سینٹ کام کے مطابق ایک امریکی ایف 35 لڑاکا طیارہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فضائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا، جو مبینہ طور پر ایرانی فائر کا نشانا بنا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ جنگی مشن پر تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے بتایا کہ پانچویں نسل کا اسٹیلتھ طیارہ ایران کے اوپر مشن انجام دے رہا تھا جب اسے ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ ان کے مطابق طیارہ بحفاظت اتار لیا گیا اور پائلٹ کی حالت مستحکم ہے۔
ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور طیارے کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے کہا کہ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق جاری تنازع کے دوران یہ پہلا موقع ہو سکتا ہے کہ ایران نے کسی امریکی طیارے کو نشانہ بنایا ہو۔ ایف 35 لڑاکا طیارے کی قیمت 10 کروڑ ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیاں جاری ہیں اور فضائی دفاعی نظام کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل دونوں اس تنازع میں ایف 35 طیارے استعمال کر رہے ہیں۔











