حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جو آئندہ 15 روز کے لیے نافذ العمل ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے آئندہ 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق نئی قیمتیں یکم مارچ 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے، جس کی نئی قیمت 266.17 روپے فی لیٹر ہے، جبکہ پہلے یہ 258.17 روپے فی لیٹر تھی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.16 روپے فی لیٹر اضافہ کر کے 280.86 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو پہلے 275.70 روپے فی لیٹر تھی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق قیمتوں میں یہ تبدیلی اوگرا کی سفارشات کی بنیاد پر کی گئی ہے اور یہ قیمتیں آئندہ 15 دنوں تک مؤثر رہیں گی۔ یاد رہے کہ حکومت ہر پندرہ دن بعد عالمی منڈی کے حالات اور مقامی مالیاتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کا تعین کرتی ہے۔













