پنجاب حکومت نے ‘اپنی زمین اپنا گھر’ پروگرام کے تحت 2 ہزار مفت پلاٹس کی بیلٹنگ مکمل کر لی، جو 19 اضلاع میں مستحق افراد کو دیے جائیں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے ‘اپنی زمین اپنا گھر’ پروگرام کے تحت دو ہزار مستحق خاندانوں کے لیے پلاٹس کی بیلٹنگ مکمل ہو گئی۔ 19 اضلاع میں خوش نصیب افراد کو بلاکس اور پلاٹس نمبر تفویض کر دیے گئے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے جہلم اور قصور کے مستحق افراد کو بذات خود فون کر کے پلاٹ نمبر، سائز اور بلاک کی تفصیلات بتائیں اور مبارکباد دی۔ خوش نصیب افراد نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق پلاٹس حاصل کرنے والے افراد ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ اسکیم کے تحت بلاسود قرض بھی حاصل کر سکیں گے تاکہ وہ اپنے گھر کی تعمیر مکمل کر سکیں۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ پروگرام کا مقصد بے گھر اور مستحق خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں کی ویران زمین کو مستحق خاندانوں کو پلاٹس کی صورت میں دیا جا رہا ہے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنے گھروں کی تعمیر کر سکیں۔















