ارشد شریف قتل کیس میں عدالتی مداخلت غیر ضروری قرار،آئینی عدالت نے از خود نوٹس نمٹا دیا

آئینی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس کا از خود نوٹس نمٹا دیا، پاکستان اور کینیا کی حکومتیں تحقیقاتی اقدامات کر رہی ہیں، عدالتی مداخلت کی ضرورت نہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ارشد شریف قتل کیس: آئینی عدالت نے از خود نوٹس نمٹا دیا

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس کا از خود نوٹس نمٹا دیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیا کی حکومتیں مناسب اقدامات کر رہی ہیں، اس لیے عدالتی مداخلت کی ضرورت نہیں۔

عدالت کا چودہ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان ایم ایل اے پر دستخط ہو چکے ہیں اور اس وقت عدالتی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔ سوموٹو کیس اور تمام متعلقہ درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں۔ عدالت نے ارشد شریف کے قتل پر صحافتی برادری اور پاکستانیوں کے دکھ کو بھی سمجھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ورثا کسی بھی معاملے پر متعلقہ عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔ تحقیقات کی نگرانی یا اسے مستقل زیرِ التوا رکھنا ملزم کے حقوق اور شفافیت کے منافی ہے۔ عدالت نے بین الاقوامی فورمز پر جانے کا معاملہ حکومت کی صوابدید پر چھوڑ دیا۔

خصوصی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی اب تک کی کارروائی پر کسی فریق نے اعتراض نہیں کیا۔ ملزمان کی گرفتاری اور پاکستان میں ٹرائل کے لیے بلیک وارنٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ تحقیقات کی رفتار کینیا کے ساتھ سفارتی ہم آہنگی اور خود مختار ریاستوں کے قوانین کے تابع ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں