سینیٹ کمیٹی نے ایف بی آر کو تاتاری لشکر سے تشبیہ دیتے ہوئے شدید تنقید کی اور فوری طور پر طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں ایف بی آر پر شدید تنقید کی گئی۔ ممبران نے ایف بی آر کو تاتاری لشکر سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں جاتا ہے وہاں تباہی پھیل جاتی ہے۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ایف بی آر کے اندر چنگیز خان جیسا نظام چل رہا ہے جبکہ قابل افسران کو باہر رکھا گیا ہے۔ کمیٹی نے ایف بی آر کو فوری طور پر طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزارت تجارت کے حکام نے بتایا کہ بارٹر ٹریڈ کے لیے ایس آراو اکتوبر میں جاری کیا گیا تھا، لیکن ایف بی آر نے وی بوک کے لیے ماڈیول تیار نہیں کیا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اس کو بڑی نااہلی قرار دیا۔ سینیٹر فیصل سلیم نے کہا کہ ایف بی آر کا رویہ طالبان جیسا ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ حکام نے مزید کہا کہ پاکستان کی پیداواری لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے برآمدات میں اضافہ نہیں ہو رہا۔















