یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امریکی صدر ٹرمپ سے 30 سے 50 سال کی سیکیورٹی گارنٹی طلب کی ہے۔
کیف: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 30 سے 50 سال تک کے لیے طویل المدتی سیکیورٹی ضمانتیں طلب کی ہیں۔ زیلنسکی نے ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے بعد بتایا کہ امریکی صدر نے اس تجویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یورپ واپسی پر ایک آن لائن پریس بریفنگ میں زیلنسکی نے کہا کہ امریکا اور یوکرین کی بات چیت میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ امریکا یوکرین کو مضبوط سیکیورٹی ضمانتیں فراہم کرے گا۔
صدر زیلنسکی نے مزید کہا کہ موجودہ معاہدوں میں 15 سال کی سیکیورٹی ضمانتیں شامل ہیں، جنہیں آگے بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ تاہم، یوکرین کی خواہش ہے کہ یہ مدت مزید طویل ہو کیونکہ ملک اب بھی جنگ کی حالت میں ہے اور یہ تنازع تقریباً 15 سال سے جاری ہے۔
زیلنسکی نے بتایا کہ انہوں نے یہ بات براہِ راست صدر ٹرمپ کے سامنے رکھی، جس پر امریکی صدر نے کہا کہ وہ اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ زیلنسکی نے کہا کہ اگر ایسا فیصلہ ہوا تو یہ امریکا کی جانب سے ایک تاریخی قدم ہوگا۔












