ثانیہ مرزا نے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں روبوٹ نہ سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ذہنی صحت پر اپنی جدوجہد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو روبوٹ سمجھنا ایک غلط تاثر ہے کیونکہ وہ بھی حقیقی جذبات رکھنے والے انسان ہیں۔
ثانیہ مرزا نے اپنے پوڈکاسٹ میں بتایا کہ کھیلوں کے میدان میں کامیابی کے باوجود کھلاڑی شدید ذہنی دباؤ سے گزرتے ہیں۔ ماضی میں ذہنی صحت پر بات کرنا ممنوع سمجھا جاتا تھا، لیکن اب اس موضوع پر کھل کر گفتگو کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ذہنی صحت پر بات کرنا اہم سمجھا جانے لگا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی ڈپریشن کے ادوار سے گزری ہیں اور ان مسائل نے ان پر گہرا اثر ڈالا۔
ثانیہ مرزا نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی زندگی بظاہر مشینی ہوتی ہے، مگر ہمیں روبوٹ سمجھنا درست نہیں۔ ہم حقیقی انسان ہیں اور ہماری مشکلات کا اعتراف اہم ہے۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا فروری 2023 میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہوئیں اور اب بطور اسپورٹس مینٹور اور میڈیا پرسنالٹی کے طور پر متحرک ہیں۔















