حکومت نے نوجوان طلباء کو 12 لاکھ کروم بکس فراہم کرنے کا اعلان کیا، 7 لاکھ فوری تقسیم ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے نوجوان طلباء کو 12 لاکھ کروم بکس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جو حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
رانا مشہود احمد نے بتایا کہ ٹی ٹی کئیر فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کے لیے 12 لاکھ کروم بکس فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 7 لاکھ فوری طور پر تقسیم کیے جائیں گے جبکہ مزید 5 لاکھ جون 2026 تک فراہم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برسوں کے دوران پاکستان بھر کے طلباء کو مزید 30 لاکھ کروم بکس فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے آن لائن تعلیم کے فروغ اور طلباء کو جدید ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ کروم بکس کی تقسیم مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائے گی اور اس پروگرام میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء بھی شامل ہوں گے تاکہ ملک بھر میں یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔















