مستند دستاویزات والوں کو بیرون ملک سفر سے نہ روکا جائے، محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مستند دستاویزات والے مسافروں کو بیرون ملک سفر سے نہیں روکا جائے گا اور ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن مسافروں کے پاس مستند اور مکمل سفری دستاویزات ہوں، انہیں بیرون ملک سفر سے نہیں روکا جانا چاہئے۔ انہوں نے ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی عزم کیا ہے۔

محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن پراسیس، عملے کی موجودگی اور مسافروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے مسافروں سے ملاقات کرکے ان کے تجربات اور شکایات سنیں۔

وزیر داخلہ نے 7 نومبر کو امیگریشن پر عملے کی کمی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے والے مسافر ملک کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں۔

محسن نقوی نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دھوکا باز ایجنٹوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ امیگریشن نظام کو مؤثر، شفاف اور مسافر دوست بنانے کی ہدایت کی تاکہ پاکستان کے امیج اور مسافروں کے اعتماد کو نقصان نہ پہنچے۔

دیگر متعلقہ خبریں