قومی سلامتی ورکشاپ 27 کے شرکاء نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ لی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی سلامتی ورکشاپ 27 کے شرکاء نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقائی اور داخلی سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو قومی سلامتی کے موجودہ ماحول اور چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
شرکاء نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن میں حصہ لیا جس میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ علاقائی ماحول تیزی سے بدل رہا ہے اور بڑھتی جیوپولیٹیکل مقابلہ آرائی اور ہائبرڈ وار بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور معلوماتی جنگ کو نئے محاذ قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ افواج، ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمت سے ڈٹے ہیں اور معرکہ حق میں پیشہ ورانہ کارکردگی سے پاکستان کا عالمی قد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہر شہری کی حفاظت اور سرحدی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پائیدار امن و استحکام کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری ہے۔
شرکاء کو اسمگلنگ، منشیات اور منظم جرائم کے خلاف قومی اقدامات، غیر قانونی افراد کی وطن واپسی اور بارڈر کنٹرول پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا پروگرام مختلف شعبوں کے نمائندوں کو یکجا کرتا ہے۔














