برازیل کے بیلم میں کوپ 30 سمٹ کے دوران آگ لگنے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، کانفرنس سینٹر خالی کرایا گیا، آگ پر قابو پا لیا گیا۔
بیلم: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30 موسمیاتی سمٹ کے دوران جمعرات کو اچانک آگ لگنے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث کانفرنس سینٹر کو فوری طور پر خالی کرایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ لگتے ہی سائرن بجنے پر مندوبین، مبصرین اور صحافی اپنے سامان کے ساتھ ہال سے باہر نکل آئے جبکہ پولیس نے متاثرہ حصے تک رسائی روکنے کے لیے رکاوٹیں لگا دیں۔ برازیل کے وزیرِ سیاحت نے آگ کے کنٹرول کی تصدیق کی لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شرکا کب واپس مذاکراتی ہال میں آئیں گے۔
سمٹ کے منتظمین نے بھی آگ پر قابو پانے کا اعلان کیا اور بتایا کہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر پورے مقام کا انخلاء لازمی قرار دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے موسمیاتی ادارے کے مطابق فائر سروس مکمل سیکیورٹی چیک کر رہی ہے اور مزید معلومات فراہم کریں گے۔
ٹی وی فوٹیج میں کانفرنس سینٹر کے اندر سے شعلے اور دھواں اٹھتے دکھائی دیے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب عالمی رہنما موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے کر رہے تھے، تاہم اب سب کی نظریں فائر سروس کی سیکیورٹی رپورٹ پر ہیں جس کے بعد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ممکن ہوگا۔













