انسٹاگرام نے آئی او ایس پر ایچ ڈی آر ویڈیوز کے لیے ڈولبی وژن متعارف کرایا، ویڈیوز اب تیز اور حقیقت کے قریب دیکھی جا سکیں گی۔
سان فرانسسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسٹاگرام نے آئی او ایس ایپ پر ایچ ڈی آر ویڈیوز کو بہتر بنانے کے لیے ڈولبی وژن کی سپورٹ متعارف کرائی ہے۔ انجینئرز کا کہنا ہے کہ اس سے آئی فون سے اپلوڈ شدہ ویڈیوز میں اضافی معلومات شامل ہوں گی جو ویڈیو کے ماحول اور روشنی کے مطابق رنگت اور چمک کو ایڈجسٹ کریں گی، جس سے ویڈیوز ہر ڈیوائس پر حقیقت کے قریب نظر آئیں گی۔
انسٹاگرام کے مطابق ڈولبی وژن کی مدد سے آئی فون صارفین ویڈیوز کی رنگت، روشنی اور تصویر کے معیار کو بہتر طریقے سے دیکھ اور شیئر کر سکیں گے۔ پہلے انسٹاگرام پر ایچ ڈی آر ویڈیوز لوڈ کرنے میں وقت لگتا تھا، لیکن اب ڈیٹا کم کر کے لوڈنگ میں آسانی پیدا کی گئی ہے، جس سے ویڈیوز تیز رفتار سے چلیں گی۔
انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ یہ فیچر جلد فیس بک ریلس اور دیگر میٹا ایپس میں بھی پیش کیا جائے گا تاکہ ہر پلیٹ فارم پر صارفین کو بہتر ویڈیو تجربہ حاصل ہو۔















