کراچی میں ٹریفک پولیس نے ایک ڈمپر کو ٹریکر کی عدم موجودگی پر ایک لاکھ روپے کا ای چالان جاری کر دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ڈمپر کے مالک کو اب تک کا سب سے بڑا ایک لاکھ روپے کا ای چالان جاری کر دیا۔ ڈمپر میں ٹریکر نہ ہونے اور فٹنس سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی پر یہ کارروائی کی گئی۔ اگر چالان کی رقم مقررہ مدت میں جمع نہ کرائی گئی تو جرمانہ دو لاکھ روپے تک بڑھ جائے گا۔
کراچی میں ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے ہیوی ٹریفک کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے اعلان کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر صرف وہی ڈمپر اور واٹر ٹینکر چلیں گے جن کے ٹریکرز کا مکمل کنٹرول ٹریفک پولیس کے پاس ہوگا۔
یہ اقدامات حالیہ رزاق آباد حادثے کے بعد کیے گئے ہیں، جس میں ٹریکر سے محروم ڈمپر نے حادثہ کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک رکشہ ڈرائیور جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ ٹریفک پولیس نے ڈمپر اور واٹر ٹینکر مالکان کو ہدایت کی ہے کہ ٹریکرز کا کنٹرول فوری طور پر پولیس کے حوالے کریں بصورت دیگر گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔














