وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد حملے کو دہشت گردی کا واضح پیغام قرار دیا اور افغان حکومت کی پشت پناہی کا الزام لگایا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردانہ حملہ ریاست کے لئے واضح پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے سے اندازہ تھا کہ ہم پر دباؤ ڈالنے کے لئے ایسی حرکت کی جا سکتی ہے۔
خواجہ آصف نے اسلام آباد کچہری دھماکے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی پہلے سرحدی علاقوں تک محدود تھی، لیکن اب اسلام آباد میں حملہ کر کے بتا دیا گیا کہ تمام علاقے ان کی زد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مقیم دہشت گرد جس کی افغان حکومت پشت پناہی کر رہی ہے، نے صورتحال کو گرم کر دیا ہے۔ پاکستان کی عوام اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں اور یہ کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ افغان حکومت سے ڈائیلاگ کی کچھ امید تھی، لیکن اس حملے کے بعد ریاست کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، جس کے بعد کسی شک کی گنجائش نہیں رہی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کابل حکومت کو اپنی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی، کیونکہ دہشت گردی کے خطرات پاکستان کے ہر شہر میں موجود ہیں۔











