اقوام متحدہ نے پاکستان کی منشیات کے خلاف جنگ میں عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، پاکستان کو فرنٹ لائن ملک قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم نے پاکستان کی منشیات کے خلاف کارروائیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا ہے۔ ادارے کے نمائندہ ٹرولز ویسٹر نے کہا کہ پاکستان منشیات کے خلاف فرنٹ لائن ملک ہے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی بڑی کامیابیاں اس کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان میں پوست اور ہیروئن کی جگہ مصنوعی منشیات کی لیبارٹریاں قائم ہو رہی ہیں اور اقوامِ متحدہ نے انسداد منشیات کے لیے اہم روڈ میپ جاری کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی نے زور دیا کہ پاکستان کو منشیات کے خلاف جنگ میں اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے عالمی برادری کا پاکستان کے ساتھ اشتراک ناگزیر ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ سال 365 میٹرک ٹن منشیات اور کیمیکل ضبط کیے اور منظم جرائم کی بدلتی حکمتِ عملی میں پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔















