آج کے دور میں انسان کے ہاتھ میں موجود موبائل فون صرف ایک آلہ نہیں بلکہ پوری زندگی کا ریکارڈ بن چکا ہے۔ بینک اکاؤنٹس، ذاتی تصاویر، سوشل میڈیا، ای میلز، دفتری معلومات، حتیٰ کہ ہماری روزمرہ عادات بھی اب ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ ہیں۔ ایسے میں “ڈیجیٹل ہائیجین” یعنی ڈیجیٹل صفائی صرف ایک اصطلاح نہیں بلکہ ضرورت بن چکی ہے۔
پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن خریداری نے لوگوں کی زندگی آسان تو بنائی ہے، مگر ساتھ ہی سائبر جرائم کے دروازے بھی کھول دیے ہیں۔ روزانہ کسی نہ کسی شخص کو جعلی کال، فیک لنک، یا OTP فراڈ کے ذریعے لوٹا جا رہا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)
این سی سی آئی اے کے مطابق ملک میں سائبر کرائمز کی شرح میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں 35 فیصد تک کا ہولناک اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ سالانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
عالمی ادائیگیوں کے ادارے ‘ویزا’ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، ہر دوسرا پاکستانی صارف کسی نہ کسی قسم کے ڈیجیٹل فراڈ کا شکار ہو چکا ہے۔
حالیہ سائبر سیکورٹی رپورٹ
ایک حالیہ سائبر سکیورٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تقریباً 68 فیصد پاس ورڈز صرف ایک دن کے اندر توڑے جا سکتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار تشویشناک ہیں۔
کمزور پاسورڈ
یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اب بھی کمزور اور آسان پاس ورڈز استعمال کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق “123456” یا اپنی تاریخِ پیدائش جیسے پاس ورڈ ہیکرز کے لیے سب سے آسان شکار ہوتے ہیں۔
ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو ہر جگہ ایک ہی پاس ورڈ استعمال کرتے ہیں؟
یہ گویا چور کو گھر کی چابی ہاتھ پکڑا دینے جیسا یے۔
ماہرین کے مطابق کمزور پاس ورڈ چند گھنٹوں میں توڑے جا سکتے ہیں۔ لیکن ہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ “میرے پاس ایسا کیا ہے جو
کوئی ہیک کرے گا؟
اصل مسئلہ ٹیکنالوجی نہیں لاپرواہی ہے
ہم سوشل میڈیا پر ہر لمحہ شیئر کرتے ہیں: کہاں جا رہے ہیں، کیا کھا رہے ہیں، کس بینک کا استعمال کرتے ہیں، حتیٰ کہ بچوں کے اسکول تک کی معلومات ، یہ معلومات بظاہر معمولی لگتی ہیں مگر سائبر مجرموں کے لیے خزانہ ہوتی ہیں۔
فری وائی فائی
ایک اور خطرناک عادت “فری وائی فائی” کا استعمال ہے۔ کیفے، بازار یا کسی بھی عوامی جگہ پر مفت انٹرنیٹ دیکھتے ہی لوگ ایسے جڑ جاتے ہیں جیسے خزانہ مل گیا ہو۔ مگر اکثر یہی نیٹ ورک ڈیٹا چوری کا ذریعہ بنتے ہیں۔
ڈیجیٹل صفائی کے بنیادی اصول:
مضبوط اور مختلف پاس ورڈ
ٹو فیکٹر آتھینٹیکیش لازمی آن کریں
غیر ضروری ایپس حذف کریں
ہر لنک پر کلک کرنے سے پہلے سوچیں
اپنی ذاتی معلومات ہر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں
نظام سمارٹ تو مجرم بھی کم نہیں
دنیا اب صرف “ڈیجیٹل” نہیں رہی بلکہ “AI Driven” دورمیں داخل ہو چکی ہے مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ سسٹمز، اسمارٹ بینکنگ اور ڈیجیٹل شناخت جیسے نظام ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ لیکن جتنا نظام اسمارٹ ہو رہا ہے، اتنے ہی اسمارٹ سائبر جرائم بھی سامنے آ رہے ہیں۔ آج ہیکرز صرف کمپیوٹر نہیں بلکہ انسان کی نفسیات کو ہیک کرتے ہیں۔ جعلی ای میلز، AI سے تیار کردہ آوازیں، اور فیک ویڈیوز کے ذریعے لوگوں کو دھوکا دینا پہلے سے کہیں آسان ہو چکا ہے۔ آنے والے برسوں میں جنگیں صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ ڈیٹا، سرورز اور ڈیجیٹل نیٹ ورکس پر بھی لڑی جائیں گی۔
سائبر شعور کی کمی
پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کی رفتار تیز ضرور ہوئی ہے، مگر سائبر شعور اب بھی کمزور دکھائی دیتا ہے۔ ہم نئی ایپس تو فوراً ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں مگر ان کی پرائیویسی پالیسی پڑھنے کی زحمت نہیں کرتے۔
ڈیجیٹل آگاہی
اگر حکومت، تعلیمی ادارے اور ٹیکنالوجی کمپنیاں ابھی سے ڈیجیٹل آگاہی پر توجہ نہ دیں گی تو مستقبل میں “ڈیجیٹل پاکستان” کا خواب ایک بڑے سائبر بحران میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔






