امریکہ نے آئی سی سی سے ٹرمپ کے خلاف تحقیقات روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پابندیوں کی دھمکی دی۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے خلاف نئی پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔ امریکی انتظامیہ چاہتی ہے کہ آئی سی سی اپنے قوانین میں ترامیم کرے تاکہ ٹرمپ یا ان کے اعلیٰ حکام کے خلاف کوئی تحقیقات نہ ہوں۔
امریکی عہدیداروں نے آئی سی سی سے تین مطالبات کیے ہیں: صدر ٹرمپ اور ان کے حکام کے خلاف تحقیقات کا راستہ بند کیا جائے، اسرائیلی رہنماؤں کے خلاف غزہ جنگ پر تحقیقات ختم کی جائیں، اور افغانستان میں امریکی فوجیوں کے مبینہ اقدامات پر تحقیقات ختم کی جائیں۔
اگر آئی سی سی نے ان مطالبات پر عمل نہ کیا تو امریکہ نے مزید پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی حکام طویل عرصے سے آئی سی سی کو امریکی خودمختاری میں مداخلت قرار دیتے آئے ہیں۔
امریکہ نے آئی سی سی کے نو عہدیداروں پر پہلے بھی پابندیاں عائد کیں ہیں، تاہم عدالت کو بطور ادارہ پابندیوں سے بچایا گیا ہے۔ روم اسٹیٹیوٹ میں ترامیم ایک مشکل عمل ہے جس کے لیے دو تہائی ممالک کی منظوری ضروری ہے۔














