ڈکی بھائی کی حراست میں ویڈیو منظر عام پر، ڈاکٹر عفان کی موجودگی میں سوالات کیے گئے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی دوران حراست تفتیش کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں ڈاکٹر عفان کی موجودگی میں اُن سے سوالات کیے جا رہے ہیں۔ ڈکی بھائی کو تین ماہ قبل جوا ایپ کی تشہیر کے کیس میں لاہور ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ سو دن جیل میں گزارنے کے بعد لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔
ڈکی بھائی نے اپنی حراست کے دوران پیش آنے والے واقعات پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری اور دیگر افسران پر سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان پر دوران حراست تشدد کیا گیا اور کروڑوں روپے کی رشوت لی گئی۔
اب سامنے آنے والی ویڈیو میں سرفراز چوہدری نے ڈاکٹر عفان کی موجودگی میں ڈکی بھائی سے سوال کیا کہ کیا ان پر تشدد کیا گیا؟ جس پر ڈکی بھائی نے انکار کیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو نے بحث چھیڑ دی ہے کہ ڈاکٹر عفان نے دورہ کیوں کیا اور کیا ان کا احتساب ہونا چاہیے۔















