مہاراشٹر کے رکن اسمبلی شرد سونوانے نے تیندوں کے حملوں پر احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی میں تیندوے کی کھال سے مشابہہ لباس پہنا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک اسمبلی رکن نے بدھ کو ریاستی اسمبلی میں منفرد احتجاج کیا۔ جُنّر سے منتخب ایم ایل اے شرد سونوانے تیندوے کی کھال سے مشابہہ لباس پہن کر اسمبلی پہنچے تاکہ ریاست میں تیندوں کے بڑھتے حملوں کے خلاف آواز اٹھا سکیں۔
یہ احتجاج ناگپور کے پردی علاقے میں ایک تیندوے کے حملے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا، جہاں ایک تیندوے نے 7 افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ محکمۂ جنگلات نے بعد میں تیندوے کو قابو کر لیا۔
سونوانے نے کہا کہ ریاست میں تیندوؤں کے حملوں پر ایمرجنسی لگائی جانی چاہیے۔ وہ 2014 سے یہ مسئلہ اٹھا رہے ہیں مگر حکومت نے نظر انداز کیا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ ریسکیو سینٹرز قائم کر کے تیندوؤں کو وہاں رکھا جائے اور حکومت کو فوری طور پر ایسے مراکز بنانے چاہئیں جہاں 2 ہزار تیندوؤں کی گنجائش ہو۔
سونوانے نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے اور کم از کم 2 ہزار تیندوؤں کو پکڑ کر مخصوص ریسکیو مراکز میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا جائے۔












