وفاقی ٹیکس محتسب کا شکایات نمٹانے میں تاریخی ریکارڈ

وفاقی ٹیکس محتسب نے شکایات نمٹانے میں 21 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، 23 ارب روپے کی ریکوریاں ممکن ہوئیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے گزشتہ چار برسوں میں 64,664 شکایات نمٹا کر 21 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ادارے کی کارکردگی میں اس تاریخی اضافے کی بنا پر 23 ارب روپے سے زائد کی ریکوریاں ممکن ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، ایف ٹی او کو موصول ہونے والی شکایات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ 2021 میں 2,867 شکایات موصول ہوئیں جو 2024 میں بڑھ کر 12,742 تک پہنچ گئیں، جبکہ 2025 میں مجموعی طور پر 35,716 شکایات سامنے آئیں۔

رپورٹ کے مطابق، ایف ٹی او کی سفارشات پر 98 فیصد عملدرآمد کیا گیا اور صدر پاکستان نے 97 فیصد فیصلوں کی توثیق کی، جو ادارے کی شفاف اور مؤثر کارکردگی کا ثبوت ہے۔ شکایات کے ازالے کے لیے درکار وقت کم ہو کر اوسطاً 34 دن رہ گیا ہے، جو ماضی کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔

عالمی سطح پر بھی پاکستانی امبڈزمین کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے، او آئی سی او اے کے ساتھ تعاون مضبوط ہوا اور اسلام آباد میں عالمی اجلاس کا انعقاد بھی ہوا۔ سفارتی شکایات سیل نے مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے ٹیکس مسائل فوری طور پر حل کیے، جس سے پاکستان کے سفارتی تعلقات میں بہتری آئی۔

مزید برآں، انٹرن شپ پروگرام 2025 کے تحت 150 سے زائد نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کی گئی، جس سے ان کی اوصافِ کار اور ٹیکس امور کی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہوا۔

دیگر متعلقہ خبریں