پنجشیر میں این آر ایف کے حملے میں طالبان کا مرکز تباہ کر دیا گیا، 17 جنگجو ہلاک ہوئے۔
پنجشیر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) افغانستان کے صوبے پنجشیر میں نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) نے طالبان کے ایک اہم مرکز کو نشانہ بناتے ہوئے 17 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک شدگان میں طالبان کے بٹالین کے چیف آف اسٹاف بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائی 7 دسمبر کی شب ضلع درہ کے علاقے عبداللہ خیل کی وادی میں طالبان کے مضبوط گڑھ منجستو گاؤں میں کی گئی۔
آپریشن شام 6 بجے دو مراحل میں ہوا، پہلے بارودی سرنگ کا دھماکا کیا گیا اور بعد میں راکٹوں سے حملہ ہوا۔
این آر ایف کے مطابق یہ مرکز طالبان کی وزارتِ دفاع کی اسپیشل بریگیڈ کا اہم بیس تھا جہاں تعینات جنگجو مقامی آبادی کو ہراساں کرتے تھے۔ حملے میں طالبان کا پورا بیس مکمل تباہ ہو گیا۔
حکام نے بتایا کہ اس آپریشن میں این آر ایف کا کوئی نقصان نہیں ہوا جبکہ طالبان کے پانچ جنگجو شدید زخمی بھی ہوئے۔












