الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پولنگ 28 دسمبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے تحریری فیصلے کے مطابق بلدیاتی انتخاب شیڈول کے مطابق 28 دسمبر کو ہو گا۔
الیکشن کمیشن نے بلوچستان حکومت کو آئینی معاونت فراہم کرنے کی تاکید کی ہے، تمام متعلقہ ادارے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تعاون کریں۔ حکمنامے میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات سمیت ووٹرز، امیدواروں، عوام اور پولنگ عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ سخت سردی کی وجہ سے ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امن و امان اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک الیکشن ملتوی کیے جائیں۔














