الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور الیکشن عملہ کو دھمکانے کے کیس کی سماعت ملتوی کر دی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی نے آج کی سماعت کے دوران سہیل آفریدی کو حاضری سے استثنیٰ دے رکھا تھا۔
سہیل آفریدی اور شہر ناز عمر ایوب کے وکلاء آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار بابر نواز خان کے وکیل بھی موجود تھے۔ سہیل آفریدی کے وکیل کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایڈووکیٹ جنرل نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔
ایڈووکیٹ جنرل نے وضاحت کی کہ سہیل آفریدی کے وکیل علی بخاری کے سسر کی وفات کے باعث وہ آج موجود نہیں ہو سکتے۔ اس پر الیکشن کمیشن کے ممبران نے سرکاری حیثیت میں ذاتی کیس کی نمائندگی پر سوال اٹھایا۔
شہر ناز عمر ایوب کے وکیل نے تحریری جواب جمع کروا دیا جبکہ الیکشن کمیشن نے سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔















