سرحات مصطفیٰ کیلیچ کی پراسرار موت کے بعد پولیس تحقیقات جاری ہیں، ان کی دوست نے لمفک کینسر کی تشخیص بتائی۔
استنبول: (رائیٹ ناؤ نیوز) ترکیہ کے مشہور اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ ان کا کردار ترک ڈرامہ سیریل کورولوش عثمان میں میخائل کوسس کے نام سے مشہور تھا۔
استنبول کے ضلع کاگتہانے میں واقع اپارٹمنٹ میں اداکار کو 5 ستمبر کو ان کی دوست نے مردہ پایا۔ اداکار کی عمر 51 سال تھی اور وہ اس وقت کرسی پر بے حس و حرکت تھے۔
اوزلم ای نامی دوست نے بتایا کہ وہ 3 ستمبر سے سرحات سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ناکامی پر وہ ان کے گھر پہنچیں اور اداکار کے سانس نہ لینے پر ایمرجنسی سروس کو اطلاع دی۔
طبی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر اداکار کی موت کی تصدیق کی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی معائنے میں کسی جسمانی حملے کے آثار نہیں ملے ہیں۔
واضح رہے کہ سرحات مصطفیٰ کیلیچ 1975 میں پیدا ہوئے اور 1998 میں تھیٹر سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ فلم کچ یوکوسو نے 2014 میں کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتا اور وہ مختلف ٹی وی سیریز میں بھی کام کرچکے ہیں۔















