اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاکروب اشتہار میں ‘صرف مسیحی’ لکھنے پر پابندی عائد کردی، سیوریج ورکرز کے لیے حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاکروب کی آسامیوں کے اشتہار میں ‘صرف مسیحی’ لکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ اشتہار میں ‘صرف مسیحی’ کی بجائے ‘شہری’ لکھا جائے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سیوریج ورکرز کو زہریلی گیسوں اور جان لیوا ماحول میں بغیر حفاظتی انتظامات کے چھوڑ دینا سنگین غفلت ہے۔ سیوریج ورکرز کو مکمل حفاظتی سامان اور سہولیات فراہم کی جائیں۔
عدالت نے سیوریج ورکرز کی ہلاکتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ملک بھر میں جامع حفاظتی اقدامات کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے متعلقہ محکموں کو دو ماہ میں تفصیلی عمل درآمد رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے جاری کیا۔















