ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران یونان میں ایف 4 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ دونوں پائلٹس جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایتھنز: (رائیٹ ناؤنیوز) یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے قریب تاناغرا ایئر بیس پر ایک ایئر شو کے دوران ایف 4 فینٹم جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران جنگی طیارہ فضائی مظاہرے میں حصہ لے رہا تھا۔ طیارہ اچانک زمین پر گر گیا، جس سے ایئر بیس پر موجود ہزاروں تماشائی خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد جائے حادثہ سے سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ امدادی کارروائیوں کے لیے 2 ہیلی کاپٹر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی اہلکاروں نے حادثے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ دو نشستوں والا فینٹم ایف 4 تھا۔ ابتدائی طور پر پائلٹس کے ایجیکٹ کرنے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں، لیکن بعد میں دونوں پائلٹس کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔
یاد رہے کہ ایئر شو کے بعد حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام نے واقعے کی مکمل تفصیلات جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔















