ہر شہری کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔صدر پاکستان

صدر زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر کہا کہ ہر شہری کی عزت و انصاف ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت پاکستان انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسانی حقوق کے عالمی دن پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر شہری کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت پاکستان انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ اسلام مذہبی و سماجی مساوات اور انسانی وقار پر زور دیتا ہے جبکہ آئین پاکستان ہر شہری کو بلا امتیاز حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم آہنگی، وقار اور مساوات کی بنیاد پر قائم ریاست کے طور پر تصور کیا گیا تھا۔

صدر نے ملک میں خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے معاشرے میں برداشت، احترام اور باہمی وقار کے ماحول کی ضرورت کو اہم قرار دیا اور سول سوسائٹی، اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے کردار کو سراہا۔

صدر زرداری نے اقوامِ متحدہ کو انسانی حقوق کے فروغ کے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور قوم سے انسانی وقار کے تحفظ کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کمزور طبقات کے تحفظ کی کوششوں کو کامیاب فرمائے۔

دیگر متعلقہ خبریں