ماسٹر روی نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، اور اب کارپوریٹ شعبے میں کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔
ممبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) جونیئر امیتابھ بچن کے نام سے مشہور چائلڈ اسٹار ماسٹر روی نے کم عمری میں فلمی دنیا کی بلندیاں حاصل کیں۔ انہوں نے چار سال کی عمر سے 14 سال میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ تاہم، وقت کے ساتھ انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا اور اپنی توجہ ہوٹلنگ اور کارپوریٹ شعبے پر مرکوز کی۔
ماسٹر روی، جو روی ویلیچا کے نام سے معروف ہیں، 1980 کی دہائی میں بچوں کے مقبول ترین اداکار تھے۔ انہوں نے نو زبانوں کی فلموں میں کام کیا اور امیتابھ بچن کے بچپن کے کردار ادا کیے۔ اس دور میں انہیں روزانہ 3 ہزار سے 3 ہزار 500 روپے معاوضہ ملتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق، ششی کپور کے ساتھ ایک دلچسپ ملاقات کے بعد انہیں فلم ‘فقیرا’ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں شابانہ اعظمی کے بیٹے کا کردار ادا کیا اور یہیں سے ان کا فلمی سفر شروع ہوا۔
یہ یاد رہے کہ روی نے کم عمری میں ہی بالغوں کی طرح سوچنا شروع کر دیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی عام بچوں کی زندگی متاثر ہوئی۔ فلمی دنیا سے دوری کے بعد انہوں نے کلنری آرٹس کی تعلیم حاصل کی اور پیشہ ور شیف بن گئے۔
روی ویلیچا اب ایک معروف کمپنی کے ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں اور فلم انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہیں پائلٹ بننے کا بھی شوق ہے اور وہ بمبئی فلائنگ کلب میں شوقیہ پرواز کی تربیت لے رہے ہیں۔















