مصر میں ایک حیرت انگیز ڈکیتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں 3 ملزمان ہلاک اور 3 گرفتار ہوئے۔
قاہرہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) مصر میں ایک حیرت انگیز ڈکیتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ اس واقعہ کو ہالی وڈ کی ایکشن فلموں جیسا قرار دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اسماعیلیہ صحرائی شاہراہ پر پیش آیا جہاں ایک پک اَپ گاڑی نے چلتے ہوئے ٹرک کا تعاقب کیا۔ ملزمان نے ٹرک کا پچھلا دروازہ کھول کر منجمد مرغیوں کا سامان اپنی گاڑی میں منتقل کیا۔
مصری سکیورٹی حکام نے بتایا کہ یہ 6 افراد پر مشتمل خطرناک جرائم پیشہ گروہ تھا۔ پولیس کی کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 ملزمان مارے گئے اور 3 گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے خودکار رائفلیں، شاٹ گنز، استعمال ہونے والی گاڑی اور چوری شدہ سامان برآمد کیا ہے۔
یاد رہے کہ مصر میں حالیہ دنوں میں جرائم کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس طرح کی وارداتیں عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہی ہیں۔














