سپریم کورٹ نے گھی و کوکنگ آئل کی قیمتوں کا اجتماعی تعین غیر قانونی قرار دیا ہے، پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پر 3 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) سپریم کورٹ نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کا اجتماعی تعین غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پر 3 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ قیمتوں کا اجتماعی تعین کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) اور کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل کے موقف کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی قیمتوں کا تعین مسابقتی عمل کو محدود کرتا ہے۔ عدالت نے تاکید کی کہ ہر کاروباری ادارہ اپنی قیمت کا آزادانہ تعین کرے۔
عدالت نے کہا کہ کم قیمت صارفین کے فائدے کے باوجود، اجتماعی قیمت کا تعین جائز نہیں۔ عوامی مفاد کا مقصد بھی اجتماعی پرائس فکسنگ کو جائز نہیں بناتا۔
یہ فیصلہ کاروباری اداروں کو اپنی قیمتیں آزادانہ طے کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جو کہ مارکیٹ کی مسابقتی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ عدالت نے کہا کہ قیمتوں کے معاملے پر سی سی پی سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت قیمتوں کا اجتماعی تعین قانونی خلاف ورزی ہے۔ مسابقتی کمیشن کا مقصد مارکیٹ میں آزادانہ مسابقت کو فروغ دینا اور غیر منصفانہ تجارتی عمل کی روک تھام کرنا ہے۔












