سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کو اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ، نومبر اور دسمبر 2026 تک منتقلی متوقع ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی حکومت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد ائیرپورٹ پر عارضی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور فوری منتقلی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پی اے اے اور سی اے اے کے افسران پر مشتمل 7 رکنی جوائنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ائیرپورٹس اتھارٹی صادق الرحمان کو اس کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی عارضی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کرے گی۔
منتقلی کے بعد، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز نومبر تک اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے دسمبر 2026 تک اسلام آباد میں قائم ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس وقت دونوں محکموں کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں موجود ہیں، تاہم منتقلی کے بعد بھی ریجنل دفاتر ملک بھر میں قائم رہیں گے۔













