عمران خان کو شفا کی بجائے پمز لے جانے کا انکشاف، ڈاکٹر عظمیٰ کا دعویٰ

ڈاکٹر عظمیٰ نے کہا کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل کے بجائے پمز لے جایا گیا، سپریم کورٹ نے شفا ہسپتال منتقلی کا حکم دیا تھا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
عمران خان کو شفا کی بجائے پمز لے جانے کا انکشاف، ڈاکٹر عظمیٰ کا دعویٰ

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے بجائے پمز لے جایا گیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واقعات کی تفصیلات بیان کیں۔

ڈاکٹر عظمیٰ نے بتایا کہ وہ اور ڈاکٹر فیصل سلطان رات ساڑھے 8 بجے اڈیالہ جیل پہنچے۔ رات ساڑھے 12 بجے کے بعد ڈاکٹر فیصل کو الگ گاڑی میں لے جایا گیا۔ ان کے مطابق انہیں ڈاکٹر فیصل کی منزل کے بارے میں معلومات نہیں دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں بھی ایک گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم راستے سے لیا گیا۔ راستے میں جنگل نما علاقہ دیکھ کر انہوں نے منزل پوچھی، بعد میں پمز ہسپتال پہنچنے کا بتایا گیا۔

پمز میں عمران خان کا بلڈ پریشر اور آنکھ کا معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹر عظمیٰ کے مطابق عمران خان شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل ہونے کی توقع کرتے رہے۔

ڈاکٹر عظمیٰ کے مطابق عمران خان نے ملاقات میں جیل کی صورتحال سے متعلق بھی شکایات کیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے تنہائی، ٹی وی اور مطالعے کی سہولت محدود ہونے کی شکایت کی۔ عمران خان نے اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو ظلم قرار دیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس میں واقعات کی الگ تفصیل بھی بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اہلکار انہیں رات ساڑھے 12 بجے کے بعد اڈیالہ جیل سے لے گئے۔ تقریباً پون گھنٹے کی مسافت کے بعد انہیں شفا انٹرنیشنل ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق انہیں شفا انٹرنیشنل کی انتظار گاہ میں تقریباً 3 گھنٹے بٹھایا گیا۔ صبح ساڑھے 4 بجے انہیں بتایا گیا کہ عمران خان ہسپتال نہیں پہنچ سکیں گے۔ اس کے بعد انہیں وہاں سے واپس جانے کے لیے کہا گیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کے علاج کے لئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی کا حکم دیا تھا۔ ڈاکٹر عظمیٰ اسی حکم کے تحت اڈیالہ جیل پہنچیں تھیں۔

دیگر متعلقہ خبریں