راولپنڈی و اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافے پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤنیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گولڑہ میں 60، بوکرہ میں 31 اور شمس آباد میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ پیرودھائی میں 25، نیو کٹاریاں میں 21 اور گوالمنڈی میں 22 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 6 فٹ ہے جبکہ واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ موجود ہے۔
ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے اور نالہ لئی سمیت دیگر نالوں کی مانٹیرنگ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے پر ضلعی انتظامیہ نے پری الرٹ جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ نالہ لئی کے اطراف کی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ یہ علاقہ تاریخی طور پر بارشوں سے متاثر ہوتا رہا ہے۔











