سپریم کورٹ نے عمران خان کی صحت پر تشویش کے باعث ان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر سپریم کورٹ میں تشویش کے باعث عدالت نے ان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق عمران خان کی نبض اور دل نارمل نہیں ہیں۔
عدالت میں وکیل عزیر بھنڈاری نے درخواست کی کہ عمران خان کے ذاتی معالجین کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ وکیل نے یقین دہانی کروائی کہ ملاقات کے بعد کوئی میڈیا گفتگو نہیں ہوگی۔
جسٹس وحید نے استفسار کیا کہ عمران خان کا میڈیکل ریکارڈ خفیہ کیوں رکھا جا رہا ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ بہنوں کی ملاقاتوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔
عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کی بہنوں اور بچوں کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات اور ریکارڈ پیش کیا جائے۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ یہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی زیر التوا ہے اور عدالت میں عمران خان کے علاج اور ملاقاتوں کے حوالے سے درخواستیں زیر غور ہیں۔














