شینژین کے ڈیمیشا بیچ پر شدید رش کے باعث حکام نے پیشگی بکنگ کا نظام نافذ کیا ہے، جس سے روزانہ 80 ہزار افراد تک محدود کیا گیا ہے۔
شینژین: (رائیٹ ناؤنیوز) چین کے شہر شینژین میں واقع ڈیمیشا بیچ گرمیوں میں شدید رش کے باعث دنیا کے مصروف ترین ساحلوں میں شامل ہو چکا ہے۔ یہ ساحل تقریباً 1.8 کلومیٹر طویل ہے اور ہفتے کے اختتام پر لوگوں سے بھر جاتا ہے۔
مقامی حکام نے مئی سے اکتوبر تک ساحل پر آنے والے افراد کی تعداد کو 80 ہزار تک محدود کر دیا ہے۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو ساحل پر جانے کے لیے پیشگی بکنگ لازمی کرنی ہوتی ہے۔
ڈیمیشا بیچ کی مقبولیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ماضی میں کبھی کبھار دو لاکھ افراد بیک وقت یہاں موجود ہوتے تھے۔ اس سے آرام، تیراکی اور سمندر کے پانی تک رسائی مشکل ہو جاتی تھی۔
شینژین انتظامیہ نے ڈیمیشا بیچ پر رش کو محدود کرنے کے لیے لازمی ریزرویشن کا نظام نافذ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ساحل پر ہجوم کو قابو میں رکھنا ہے۔
یاد رہے کہ ڈیمیشا ایک عوامی ساحل ہے جہاں ہر شخص اصولاً آسکتا ہے، مگر بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث انتظامیہ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔















