شہباز شریف: پاکستان کی پانی پر ریڈ لائن کا اعلان، بھارت کو براہ راست جواب کی وارننگ

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی سندھ طاس معاہدہ معطلی پر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پانی کی ہر بوند ریڈ لائن ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان کی پانی پر ریڈ لائن کا اعلان، بھارت کو براہ راست جواب کی وارننگ

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت نے راہ راست نہ اپنایا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں یادگار کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ اور نیوی کا کردار امر ہے اور آئندہ بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی عوام اور افواج کی فتح ہے۔ ہم جنگ نہیں بلکہ امن چاہتے ہیں مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان خطے میں استحکام کی ضمانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مئی 2025 کے معرکے کی کامیابی نے پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔ اگر کوئی پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کر دیا تھا جسے پاکستان نے امن دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ بھارت کو براہ راست جواب دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں