بحیرۂ احمر میں حوثیوں کے حملے میں 3 پاکستانی جاں بحق، پاکستان نے سعودی حکام سے رابطے بڑھا دیے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) بحیرۂ احمر میں حوثیوں کے حملے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں جاں بحق پاکستانیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ غیر جنگی کمرشل جہازوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان سعودی حکام اور یمن کی حکومت سے رابطے میں ہے۔
وزیر خارجہ نے ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں واپس لانے کے لئے اقدامات کرے اور زخمی شہری کی مدد کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یمنی حکومت اور کوسٹ گارڈ ذرائع نے بتایا تھا کہ بحیرۂ احمر میں کارگو جہاز پر حوثیوں نے حملہ کیا جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔














