سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب نے لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی اسکرین نصب کی ہے، جو بین الاقوامی برانڈز کے لیے جدید تشہیری پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب نے لاہور کی اسکائی لائن پر ‘دی بگ ون’ کے نام سے پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی اسکرین نصب کردی۔ یہ اسکرین 122 بائی 70 فٹ کے سائز کی ہے اور تصاویر، ویڈیوز، اور تھری ڈی اینیمیشنز پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سی بی ڈی پنجاب کے مطابق یہ اسکرین نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کی طرز پر تیار کی گئی ہے۔ یہ ملکی و بین الاقوامی برانڈز کے لیے بڑے پیمانے پر تشہیر کا جدید پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
سی ای او عمران امین نے ‘دی بگ ون’ کو ٹیکنالوجی کی نئی سوچ کا تسلسل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ برانڈز کو اپنے مصنوعات اور کہانی کو منفرد انداز میں پیش کرنے کا موقع دے گا۔
‘دی بگ ون’ کو کمرشل ایڈورٹائزنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا اور یہ لاہور کے ڈیجیٹل منظرنامے کو نئی شناخت دے گی۔ یہ اسکرین شہر کی جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی شناخت کو اجاگر کرے گی۔
یاد رہے کہ سی بی ڈی پنجاب اس سے پہلے بھی پاکستان کے پہلے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور آئی ٹی سٹی کے منصوبے مکمل کرچکا ہے۔














