چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت اجلاس میں قومی ای فائلنگ نظام کی تشکیل پر غور، بار کی تعمیری شرکت پر زور۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) قومی سطح پر یکساں ای فائلنگ نظام کے قیام کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی عدالتوں کے لئے یکساں ای فائلنگ طریقہ کار کی تیاری پر غور کیا گیا۔
سپریم کورٹ نے اس مجوزہ نظام کے لئے بار کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے۔ اس کا مقصد عدالتی فائلنگ کے لئے مشترکہ اور منظم طریقہ کار فراہم کرنا ہے۔ پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور صوبائی بار کونسلز کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بار عدالتی فائلنگ نظام کا اہم شراکت دار ہے، اور انکی عملی ضروریات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے تحت یہ فریم ورک پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ مجوزہ فریم ورک سے عدالتی نظام میں ہم آہنگی پیدا ہوگی اور مقدمات کی مؤثر ٹریکنگ ممکن ہوگی۔ وکلاء اور سائلین کے لئے مقدمات دائر کرنے کا عمل آسان ہوگا۔
یاد رہے کہ نیشنل ای فائلنگ فریم ورک پر آئندہ مشاورتی اجلاس 20 اگست 2026 کو ہوگا۔ بار کی تعمیری شرکت کو سراہا گیا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے انصاف کو مزید مؤثر بنانے کا عزم کیا گیا۔













