ائیر انڈیا کی پرواز AI-2379 کے کپتان نے چرس پی رکھی تھی، جس کے باعث پرواز کی اونچائی میں کمی واقع ہوئی۔ وزارت سول ایوی ایشن نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناؤنیوز) فوکٹ سے دہلی آنے والی ائیر انڈیا کی پرواز کے کپتان کے ڈوپ ٹیسٹ میں چرس کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ پتہ چلا ہے کہ کپتان نے پرواز کے دوران چرس پی رکھی تھی جس کے باعث پرواز کی اونچائی میں 300 فٹ کی کمی واقع ہوئی۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ حادثہ 4 اگست کو پیش آیا جب پرواز AI-2379، جس میں 137 مسافر اور عملے کے 8 ارکان تھے، فوکٹ سے دہلی جا رہی تھی۔ اس حادثے کے نتیجے میں 20 مسافر اور عملے کے 4 ارکان زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق جب طیارہ اچانک نیچے آیا تو کپتان اپنی نشست پر موجود نہیں تھا اور کنٹرول فرسٹ آفیسرتھا۔ نئی دہلی میں لینڈنگ کے بعد کی گئی اسکریننگ میں کپتان کے جسم میں نشہ آور اشیاء کی موجودگی سامنے آئی۔
وزارت سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بھارتی ائیر لائن کی جانب سے اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ایوی ایشن سیکیورٹی کے لئے سنگین خطرہ سمجھا جا رہا ہے۔














