دو پاکستانی نوجوان فوربس 30 انڈر 30 میں شامل

دو پاکستانی نوجوان سلمان حبیب اور حسن چوہدری فوربس 30 انڈر 30 یونائیٹڈ اسٹیٹس 2026 میں شامل ہوگئے ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

نیو یارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے دو نوجوان، سلمان حبیب اور حسن چوہدری، نے فوربس کی معروف فہرست ’30 انڈر 30 یونائیٹڈ اسٹیٹس 2026‘ میں شامل ہوکر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔

یہ فہرست امریکا کے 600 ابھرتے ہوئے نوجوان کاروباری اور پیشہ ور افراد پر مشتمل ہے جو مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ سلمان حبیب کو ’ٹرانسپورٹیشن اینڈ ایرو اسپیس‘ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ وہ ڈیلیوری ٹیکنالوجی کمپنی برَق کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔

برَق کمپنی کاروباری اداروں کو بغیر اپنی ڈیلیوری انفرااسٹرکچر بنائے، ڈیلیوری سروس فراہم کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ سلمان نے یہ کمپنی 2021 میں اپنے بڑے بھائی شعبان کے ساتھ قائم کی تھی۔ فوربس کے مطابق، برَق نے امریکا کے 4 ہزار سے زائد شہروں میں 500 سے زیادہ ڈیلیوری سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ایک نیٹ ورک میں جوڑ دیا ہے، جن میں اوبر اور ڈور ڈیش جیسی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب، حسن چوہدری کو ’وینچر کیپیٹل‘ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ بلیک راک پرائیویٹ ایکویٹی پارٹنرز میں وائس پریذیڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور گروتھ ایکویٹی سرمایہ کاری کی قیادت کر رہے ہیں۔ حسن 2023 میں پاکستان سے امریکا واپس گئے تھے اور وہاں انہوں نے بلیک راک کے گروتھ ایکویٹی پلیٹ فارم کے آغاز میں اہم کردار ادا کیا۔

فوربس کے مطابق 2012 میں شروع ہونے والی اس فہرست کے لیے مقابلہ ہر سال سخت ہوتا جا رہا ہے۔ اس برس منتخب ہونے والے نوجوان مصنوعی ذہانت کے انقلاب میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور روبوٹکس سے لے کر جدید سافٹ ویئر ٹولز تک نئی دنیا تعمیر کر رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں