ایران نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی سکیورٹی کی ناقابل اعتباری کے باعث نئے دفاعی معاہدے ہو رہے ہیں، جن سے ایران کو کوئی خطرہ نہیں۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ ایران کو خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سکیورٹی کی ناکامی کے بعد خطے میں نئے دفاعی معاہدے ہو رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو بات چیت ممکن نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تیسری قوت مداخلت نہ کرے تو آبنائے ہرمز کھولا جا سکتا ہے، امریکا مشرق وسطی میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے کے ممالک ایران کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں، نیا علاقائی اتحاد امریکی سکیورٹی گارنٹی کی ناقابل اعتباری کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک جان چکے ہیں کہ سکیورٹی جھوٹے بروکروں سے نہیں خریدی جا سکتی، ہر معاہدہ علاقائی سلامتی کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، ثالثوں کے ذریعے رابطے جاری ہیں۔ ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور آبنائے ہرمز پر اتفاق ہو چکا ہے۔















