ہیتھرو ایئرپورٹ پر مرچ سپرے حملے میں 21 افراد متاثر، ایک گرفتار۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ہیتھرو ایئرپورٹ کے پارکنگ گیراج میں اتوار کی صبح ایک حملے میں 3 سالہ بچے سمیت 21 افراد مرچ سپرے سے متاثر ہوئے جبکہ ایک خاتون سے سوٹ کیس چھین لیا گیا۔ پولیس نے ایک 31 سالہ ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چار افراد نے لفٹ میں خاتون پر مرچ سپرے جیسا کیمیکل پھینکا۔ متاثرہ خاتون اور ملزمان ایک دوسرے کو جانتے تھے اور اس واقعے کو دہشت گردی کا واقعہ نہیں سمجھا جا رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور سیاہ لباس میں تھے اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر بھاری نفری تعینات کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ایمبولینس عملے نے موقع پر طبی امداد فراہم کی جبکہ پانچ افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ واقعے کے باعث ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر رہی لیکن اب آپریشن معمول پر آ چکا ہے۔ پولیس دیگر ملزمان کی تلاش میں ہے۔












