عطاء اللہ تارڑ نے پاک چین دوستی کی اہمیت اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر اظہار خیال کیا۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے چائنہ چیمبر آف کامرس کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا دوسرا گھر اور پاکستان چین کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت گذرنے کے ساتھ پاک چین دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے اور چین ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم چین کی قیادت کے شکر گزار ہیں اور عوامی رابطوں کی بدولت چین کی ثقافت پاکستان میں پروان چڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، تاہم ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان پر سب سے زیادہ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ملکوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی پاکستان کو کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، چین نے ہمیشہ تعاون کیا اور وقت نے ثابت کیا کہ ہم آئرن برادرز ہیں۔












